اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان پاکستان کے سرکاری دورہ پر اسلام آباد پہنچ گئے

192
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان پاکستان کے سرکاری دورہ پر اسلام آباد پہنچ گئے

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان پاکستان کے سرکاری دورہ پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ بدھ کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان 2 سے 4 اگست تک پاکستان کا پہلا دو طرفہ دورہ کر رہے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ آج جمعرات کو وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کریں گے۔

ملاقات کے دوران وسیع ایجنڈے میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں اور ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال شامل ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عبداللہیان وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کریں گے اور دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے اتفاق رائے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ، سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ سے بھی ملاقات کریں گےجن میں دونوں اطراف کے رہنمادونوں برادر ممالک کے درمیان پارلیمانی رابطوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ قبل ازیں نائب وزیر خارجہ برائے اقتصادی امور اور تجارت، سڑکوں اور شہری ترقی، سرمایہ کاری، زراعت، توانائی وغیرہ کی وزارتوں کے سینئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد نے وزیر خارجہ کے دورہ سے متعلق تیاریوں کے لیے ملاقاتیں کیں۔

ایرانی وزیر خارجہ عبد اللہیان کا یہ دورہ دونوں فریقین کے لئے دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع ہوگا جس میں علاقائی رابطوں، توانائی اور پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔