ہسپتالوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے پر عزم ہیں ، ہسپتالوں کو علاج کیلئے جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے،وفاقی وزیر صحت عبد القادر پٹیل

93
عبد القادر پٹیل

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت عبد القادر پٹیل نے کہا ہے کہ ہسپتالوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے پر عزم ہیں ،اپنے دور حکومت میں صحت کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ہیں ، ہسپتالوں کو علاج کیلئے جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے،پولی کلینک ہسپتال توسیعی منصوبے کے لئے وزارت صحت 9ارب91 کروڑ37لاکھ روپےکا ترقیاتی بجٹ مہیا کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پولی کلینک کے توسیعی منصوبے کا جی الیون تھری میں سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ یہ تین سو بیڈز پر مشتمل ہسپتال کا توسیعی منصوبہ ہے ، منصوبے کے لئے وزارت صحت 9ارب91 کروڑ37لاکھ روپے ترقیاتی بجٹ مہیا کرے گی، یہ منصوبہ تین سال میں مکمل ہوگا۔ اسلام آباد میٹروپولیٹن شہر ہے جہاں شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس سے ہسپتال کی ضرورت بھی محسوس ہو رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرے لئے فخر کی بات ہے کہ میں ایک ہسپتال کا افتتاح کر رہا ہوں جس کے بعد فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک ہسپتال ٹو جی الیون تھری کا تعمیراتی کام شروع ہو جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میرے دور میں تین سو بیڈ کا ہسپتال بن رہا ہے جس میں تمام جدید ضروریات کا خیال رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ اس ہسپتال کی تعمیر سے نہ صرف اسلام آباد اور گردونواح بلکہ آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کے لوگ بھی استفادہ کر سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بیماریوں میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے جس کا مقابلہ کرنے کے لئے وسائل بہت محدود ہیں، وفاقی ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ بڑھ رہا ہے، پولی کلینک ہسپتال میں روزانہ پانچ سے چھ ہزار مریض علاج کیلئے آتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مریضوں کو علاج کی زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں ، حکومت خدمت خلق پر یقین رکھتی ہے۔