ویمن پارلیمانی کاکس کی سیکرٹری ڈاکٹر شاہدہ رحمانی کا انتخابی عمل میں خواتین کی شرکت کے موضوع پر قومی مکالمہ سے خطاب

106
مانسہرہ

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):ویمن پارلیمانی کاکس کی سیکرٹری ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے کہا ہے کہ ہم سب اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ جمہوری نظام میں خواتین کی نمائندگی انتہائی اہم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی عمل میں خواتین کی شرکت کے موضوع پر قومی مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ،ممبران قومی اسمبلی ، معزز سفیر ، ہائی کمشنرز اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے قومی مکالمے میں شرکت کی۔

سیکرٹری ویمن پارلیمانی کاکس ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے کہا کہ آج ہم صنفی مساوات کو آگے بڑھانے اور انتخابی عمل میں خواتین کی شرکت کے مکالمے میں جمع ہوئے ہیں ،ہم سب اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ جمہوری نظام میں خواتین کی نمائندگی انتہائی اہم ہے ، اس طرح کے قومی مکالموں کے ذریعے ہی ہم بامعنی اصلاحات کی راہ ہموار کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بین الپارلیمانی یونین کے مطابق خواتین کی نمائندگی کے لحاظ سے ہم 190 ممالک میں 115ویں نمبر پر ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ خواتین ہماری آبادی کا نصف ہیں جو ملک کی ترقی کی صلاحیت رکھتی ہیں ۔ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے کہا کہ سیاسی میدان میں خواتین کو بے شمار رکاوٹوں کا سامنا ہے ان رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے خواتین ووٹرز کی شرکت کو بڑھانے کیلئے جامع حکمت عملی ضروری ہے۔