چیئر مین سینیٹ کا یوم استحصال پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی

136
Muhammad Sadiq Sanjrani

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے یوم استحصال کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن کشمیریوں کی انصاف اور آزادی کی جدوجہد کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ 5 اگست 2019 کوبھارتی حکومت نے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں غیر قانونی اقدامات کرتے ہوئے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو بھی نظر انداز کر دیا تھا۔

یوم استحصال کے موقع پر ہفتہ کو اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے پاکستانی قوم کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب مقیم کشمیریوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35A کی غیر قانونی منسوخی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے اقدامات سے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے 2019 میں خطے پر مسلط کیے گئے بے مثال فوجی محاصرے کی مذمت کی، جس سے کشمیری عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انصاف کو برقرار رکھے اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں پر عمل کرے۔ انہوں نے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا عالمی برادری کشمیری عوام کے حقوق کو تسلیم کرے اور ان کی شکایات کا ازالہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں انصاف، انسانی حقوق اور امن کے لیے پرعزم ہے۔