راولپنڈی۔5اگست (اے پی پی):ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اپنا تیسرا میچ کل(اتوار کو )جاپان کے خلاف کھیلے گا ، اسی روز بھارتی ٹیم ملائیشیا اور جنوبی کوریا کی ٹیم چین سے نبرد آزما ہو گی۔ملائیشیا 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور پاکستان ایک پوائنٹ کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے ۔ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ بھارت کے شہر چنئی میں جاری ہے ۔میگا ایونٹ میں اتوار کے روز مزید تین میچوں کا فیصلہ ہو گا ۔ پاکستانی ٹیم اپنا تیسرا اور اہم میچ جاپان کے خلاف کھیلے گی ، پہلے میچ میں گرین شرٹس کو ملائیشیا کے ہاتھوں 3-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جنوبی کوریا کے خلاف میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔اسی روز دوسرا میچ بھارت اور ملائیشیا جبکہ تیسرا میچ جنوبی کوریا اور چین کے مابین کھیلا جائے گا ۔
ملائیشیا کی ٹیم پہلے دو میچ جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے ، بھارت دوسرے ، جنوبی کوریا تیسرے ، جاپان چوتھے ، پاکستان پانچویں اور چین چھٹے نمبر پر ہے ، جنوبی کوریا کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کر رہی ہے ۔پاکستان اور بھارت کو تین ، تین بار ایشین چیمپئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل ہے ۔ رائونڈ رابن کے تحت کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم 5 میچ کھیلے گی اور چار ٹاپ ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل مقابلے 11 اگست کو کھیلے جائیں گے جبکہ چیمپئن کا فیصلہ 12 اگست کو ہو گا ۔پاکستانی ٹیم اپنا چوتھا میچ 7 اگست کو چین جبکہ پانچواں اور آخری میچ 9 اگست کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی ۔