اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):نیشنل سپیشل اولمپکس گیمزکے سائیکلنگ ایونٹ میں چاندی اور کانسی کا تمغہ جیتنے والے محمد ولید نے کہا ہے کہ خصوصی بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں مواقع فراہم کرنے سے خصوصی بچے ملک و قوم کا نام روشن کرسکتے ہیں، اولمپکس گیمزاور دیگر بین الاقوامی ایونٹس میں خصوصی بچوں کو شرکت کے مواقع فراہم کرکے انہیں قومی دھارے میں شامل کیا جاسکتا ہے ۔
جمعرات کو ’’اے پی پی ‘‘ سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے محمد ولید نے کہاکہ وہ اس وقت نیشنل ٹریننگ سینٹر برائے خصوصی افراد میں زیر تعلیم ہیں اور تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ وہ سائیکلنگ کھلاڑی ہونے کے باعث مختلف ایونٹس میں شرکت بھی کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع مردان کے نواحی علاقے شہباز گڑھی سے ہے لیکن میری موجودہ رہائش اسلام آباد میں ہے ، میر ے والد ایئرفورس میں نوکری کرتے تھے جو حال ہی میں ملازمت سے ریٹائر ہوئے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل سپیشل اولمپکس پاکستان سائیکلنگ چیمپئن شپ جو کہ گزشتہ سال اگست میں لاہور میں منعقد ہوئی تھی اس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میں نے 2کلومیٹر سائیکلنگ کے مقابلوں میں چاندی کا تمغہ جبکہ ایک کلومیٹر سائیکلنگ ایونٹ میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ بھی اگر انہیں ملکی و بین الاقوامی سطح پر سائیکلنگ مقابلو ں میں شرکت کا موقع ملا تو وہ بھرپورمحنت اور لگن سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور ملک و قوم کا نام روشن کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ انہیں سائیکلنگ کا بچپن سے شوق تھا ۔ محمد ولید نے کہاکہ نیشنل ٹریننگ سینٹر برائے خصوصی افراد ان کی رہنمائی کررہا ہے اور سینٹر میں تعینات کوچ فیاض احمد میری تربیت کررہے ہیں ۔ محمد ولید نے کہاکہ اولمپکس گیمزاور دیگر بین الاقوامی ایونٹس میں خصوصی بچوں کو شرکت کے مواقع فراہم کرکے انہیں قومی دھارے میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ والدکی ریٹائرمنٹ کے بعد اگر انہیں ملازمت فراہم کی جائے تو وہ اپنے خاندان کی بہتر کفالت کے ساتھ ساتھ اپنے سائیکلنگ کے شوق کو مزید پروان چڑھانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سائیکلنگ کے ساتھ ساتھ مجھے فٹ بال کے کھیل سے بھی گہرا لگائو ہے اور میں روزانہ فٹ بال بھی کھیلتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے معمولی سی ذہنی کمزوری کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود انہیں سائیکلنگ کے کھیل پر عبور حاصل ہے ۔
C:msb-usd/P:msb/L:hma/E:hma/I:shf/R:shf