ملتان۔ 10 اگست (اے پی پی):ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ایڈمن جنوبی پنجاب طارق کریم کھوکھر نے کہا ہے کہ کپاس کے کاشتکار سفید مکھی سمیت دیگر ضررساں کیڑوں کے بروقت اور موثرتدارک کیلئے زرعی ماہرین کی جانب سے سفارش کردہ اعلیٰ کوالٹی کی معیاری زہریں سپرے کریں۔ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ایڈمن جنوبی پنجاب نے جمعرات کو رحیم یار خان میں کپاس کی فصل کے معائنہ کے سلسلہ میں دورہ کے دوران کیا۔
طارق کریم کھوکھر نے کپاس کی فصل کا معائنہ کیا،کپاس مانیٹرنگ،فیلڈ فارمیشنز کی سرگرمیوں اور کسان سہولت سنٹرز کا جائزہ لیا جبکہ کاشتکاروں سے فصل کی مینجمنٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کاشتکاروں سے کہا کہ کپاس کی کاشت کے اکثر علاقوں میں سفید مکھی کے ہاٹ سپاٹس مشاہدہ میں آرہے ہیں،فیلڈ ٹیمیں اپنی نگرانی میں ان ہاٹ سپاٹس کی ٹریٹمنٹ مکمل کرائیں،سفید مکھی سمیت دیگر ضررساں کیڑوں کے بروقت اور موثرتدارک کیلئے زرعی ماہرین کی جانب سے سفارش کردہ اعلیٰ کوالٹی کی معیاری زرعی زہریں سپرے کریں۔
انہوں نے تمام متعلقہ فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ زیادہ وقت کپاس کے کھیتوں میں گزاریں اور کاشتکاروں کی رہنمائی میں مزید تیزی لائیں۔ایڈیشنل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے کہا کہ کپاس کی چنائی جاری ہے،خواتین زراعت آفیسر چنائی کرنے والی خواتین کو کپاس کی صاف چنائی بارے تربیت جاری رکھیں۔
انہوں نے کاشتکاروں سے کہا کہ وہ چنائی کرنے والوں کو مزدوری وزن کی بجائے صاف چنائی کی بنیاد پر دیں تاکہ اعلی کوالٹی کی پھٹی کاحصول ممکن ہوسکے۔ایڈیشنل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے محکمہ زراعت کی زیر نگرانی قائم کسان سہولت سنٹرز کا معائنہ کیا اور دستیاب سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=379179