اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے باعث تربیلاڈیم مکمل طور پر بھر گیا ، ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار550 فٹ ، 58 لاکھ 9 ہزار ایکڑ فٹ پانی کا ذخیرہ موجود ہے۔ واپڈا حکام کے مطابق اپنی تکمیل سے آج تک تربیلا ڈیم پراجیکٹ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔
اس پراجیکٹ سے زرعی مقاصد کے لئے پانیفراہم کیا جاتا ہے، سیلاب سے بچائو میں مدد ملتی ہے اور نیشنل گرڈ کو سستی بجلی فراہم کی جاتی ہے۔تربیلا ڈیم میں قابل استعمال پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 58 لاکھ 9 ہزارایکڑ فٹ ہے۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی وافر مقدار میں موجودگی ملک کے زرعی شعبے اور سستی پن بجلی کی پیداوار کے لیے نہایت خوش آئند ہے۔ تربیلا پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کا بھی سب سے بڑا پن بجلی گھر ہے
تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ مکمل ہونے پر تربیلا پن بجلی گھر سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4 ہزار 888 میگاواٹ ہو چکی ہے جبکہ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کی تکمیل کے بعد یہ صلاحیت بڑھ کر 6 ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔ واپڈا نے مختلف دریائوں اور آبی ذخائر میں پانی کی آمد و اخراج کے اعدادوشمار جاری کردیئے ہیں۔ جمعہ کو جاری اعدادوشمار کے مطابق دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کی آمد 40 ہزار900 کیوسک اور اخراج 40 ہزار900 کیوسک، خیرآباد پل پر پانی کی آمد 2 لاکھ 22 ہزار700کیوسک، اخراج2 لاکھ 22 ہزار700 کیوسک،دریائے جہلم میں منگلاکے مقام پر پانی کی آمد 31 ہزار 500 کیوسک اور اخراج 10 ہزارکیوسک، دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 83 ہزار 200کیوسک اور اخراج 54 ہزار300 کیوسک ہے۔
تربیلاڈیم کا کم از کم آپریٹنگ لیول 1402 فٹ ، ڈیم میں پانی کی موجودہ سطح1550.00 فٹ ، ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی انتہائی سطح 1550فٹ اورقابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ 5.809 ملین ایکڑ فٹ ہے۔ منگلا ڈیم کا کم از کم آپریٹنگ لیول 1050 فٹ ، ڈیم میں پانی کی موجودہ سطح 1238.15 فٹ ، ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی انتہائی سطح 1242فٹ اورقابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ 7.050 ملین ایکڑ فٹ ہے۔ چشمہ بیراج کا کم از کم آپریٹنگ لیول 638.15 فٹ، بیراج میں پانی کی موجودہ سطح 644.00 فٹ ، بیراج میں پانی ذخیرہ کرنے کی انتہائی سطح 649 فٹ اور قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ 0.100 ملین ایکڑ فٹ ہے۔