سماجی انصاف، مساوی حقوق اور پسماندہ طبقوں کو بااختیار بنانے کی کوششیں جاری رکھیں گے،سینیٹر شیری رحمان

125
سینیٹر شیری رحمان

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ہم قائداعظم محمد علی جناح اور قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کے مطابق سماجی انصاف، مساوی حقوق اور پسماندہ طبقوں کو بااختیار بنانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے بہن بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی دستور ساز اسمبلی کے اجلاس سے تاریخ ساز خطاب کے پس منظر میں سابق صدر آصف علی زرداری نے 11 اگست کو پاکستان میں اقلیتوں کا قومی دن منانے کا اعلان کیا تھا۔ اس دن کو منانے کا مقصد پاکستان میں اقلیتوں کی قربانیوں، اہمیت اور ملکی ترقی میں شرکت داری کو تسلیم کرنا ہے۔

یہ پیپلز پارٹی کی رواداری، احترام اور تمام شہریوں کے مساوی حقوق کے عزم اور وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست 1947 کے دن پاکستان کی دستور ساز اسمبلی سے اپنے خطاب میں مساوات، ہم آہنگی اور مذہبی آزادی کے اصولوں پر زور دیا۔ انہوں نے ایک ایسی قوم کا تصور کیا جہاں تمام شہریوں کو یکساں حقوق اور ذمہ داریاں حاصل ہوں، خواہ وہ کسی بھی عقیدے یا نسل سے تعلق رکھتا ہو۔ قائداعظم کے الفاظ نے ایک ایسی قوم اور ریاست کی بنیاد رکھی جو اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرے گی اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ان کی فعال شرکت کو یقینی بنائے گی۔