گیارہ اور  14 اگست پاکستان کی اقلیتوں کیلئے سب سے اہم دن ہیں، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی

169

کراچی۔ 11 اگست (اے پی پی):چیئرمین پی ایم ٹاسک فورس گندھارا ٹورازم و پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا ہے کہ 11 اگست (اقلیتی دن) اور 14 اگست (یوم آزادی) پاکستان میں اقلیتوں کے لیے سب سے اہم دن ہیں۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو پاکستان ہندو کونسل سیکرٹریٹ کراچی میں پاکستان ہندو کونسل اور لیگل ایڈ سوسائٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ڈاکٹر رمیش کمار نے لیگل ایڈ سوسائٹی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ غیر مسلم کمیونٹیز کی اکثریت ایسی ہے جو مالی بحران کی وجہ سے انصاف یا قانونی امداد کی استطاعت نہیں رکھتی، وہ اس لیگل ایڈ کی قانونی ٹیم تک رسائی حاصل کر کے انصاف حاصل کر سکے گی۔ پاکستان ہندو کونسل کے فورم کے تحت لیگل ایڈ سوسائٹی ایسے افراد کے لیے بہت کارگر ثابت ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ غیر مسلم کمیونٹیز کو معاشرے میں جن مسائل کا سامنا ہے یہ فورم انکے لئے فائدہ مند ہوگا۔لیگل ایڈ سوسائٹی کی سی ای او بیرسٹر حیا ایمان زاہد نے بھی پاکستان ہندو کونسل کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر شکریہ ادا کیا جو محروم کمیونٹیز کو اپنے قانونی مسائل کو اجاگر کرنےاور انصاف مہیا کرنے کے لیے ایک قانونی فورم کی حیثیت سے کام کریگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیگل ایڈ سوسائٹی سندھ کے 8 اضلاع میں پہلے ہی کام کر رہی ہے۔