کراچی۔ 12 اگست (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر کسی صورت نہیں چاہتے اب الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئینی مدت میں شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پیپلز سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی،نعمان شیخ و دیگر بھی موجود تھے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کا کام تیز کرے تا کہ آئینی مدت میں انتخابات کا انعقاد ہوسکے۔
انہوں نے کہا کے ہم پرامن شفاف طریقے سے اقتدار کی منتقلی چاہتے ہیں اور نگران وزیراعظم الیکشن کمیشن کے ساتھ ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی 2023 کے انتخابات میں پہلے سے زیادہ اکثریت حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سیاسی نظام کو کمزور کرنے کی کوشش کی مگر جمہوری قوتوں کے کردار کی وجہ سے پارلیمنٹ نے مدت پوری کی۔ انہوں نے کہا کے 18 ویں ترمیم کے ذریعے پارلیمنٹ کو مضبوط کیا اور جمہوری حکومتوں کو ختم کرنے کی شق 58 ٹو بی کو ختم کیا گیا۔
پیپلز پارٹی طاقت کا سرچشمہ کسی اور کو نہیں عوام کو سمجھتی ہے کیونکہ پیپلز پارٹی کا جمہوری کردار سب کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کو آگے لے کر چلنے کے لئے کردار ادا کر رہی ہے اور ہماری عوام کے لئے جدوجہد جاری رہے گی۔ اس موقع پرمختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والی بڑی تعداد میں خواتین نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پارٹی میں شامل ہونے والی خواتین کا خیر مقدم کیاگیا۔