
راولپنڈی۔16اگست (اے پی پی):ماڑی پٹرولیم آزادی کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز ماڑی پٹرولیم نے پاکستان پولیس ، پاکستان نیوی نے آرمی وائٹ ، پاکستان واپڈا نے آرمی کلر اور پاکستان ایئر فورس نے پنجاب رینجرز کو شکست دے دی ۔ پی ایچ ایف اور ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کے زیر اہتمام دوسرا ماڑی پیٹرولیم آزادی کپ ہاکی ٹورنامنٹ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اشفاق ندیم ہاکی سٹیڈیم ایوب پارک، راولپنڈی میں شروع ہو گیا۔
ایونٹ کے افتتاحی روز کھیلے گئے پہلے میچ میزبان ماڑی پیٹرولیم نے پاکستان پولیس کو بآسانی ایک کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کے ارباز احمد نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور پنالٹی کارنر پر لگاتار 3 گول سکور کر کے ٹورنامنٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک سکور کی۔ افراز خان نے 2 گول کئے ،
دوسرے میچ میں پاکستان نیوی نے آرمی وائٹ کے خلاف یکطرفہ مقابلے کے بعد 1-5 سے کامیابی حاصل کی۔ نیوی کی طرف سے بشارت، احسان اللّہ خان، محمد صابر، حماد علی اور رانا ولید نے ایک، ایک گول کیا، تیسرے میچ میں پاکستان واپڈا نے آرمی کلر کو سخت مقابلے کے بعد 0-1 سے زیر کیا ۔
واپڈا کے تصور عباس نے میچ کے آخری لمحات میں پنالٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلائی ۔ چوتھے اور آخری میچ میں پاکستان ائیر فورس نے پنجاب رینجرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 1-2 سے شکست دی۔ ائیر فورس کی جانب سے دونوں گول محسن حسن نے سکور کئے۔