ہمیں موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں رونما ہونے والی آفات سے نمٹنے کیلئے تیاری کرنا ہو گی، ڈپٹی چئیرمین سینیٹ مرزامحمدآفریدی

110

اسلام آباد۔16اگست (اے پی پی):ڈپٹی چئیرمین سینیٹ مرزامحمدآفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے، ہمیں موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں رونما ہونے والی آفات سے نمٹنے کیلئے تیاری کرنا ہو گی، اس حوالے سے ایڈوانس ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے ہمیں نوجوانوں کے آئیڈیاز کو اپنانا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام “ڈیزاسٹر رسک رڈکشن” کے عنوان سے اسلام آباد میں منعقدہ ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ڈیزاسٹر رسک رڈکشن کیلئے اٹھائے جانے واے اقدامات میں جامعات کو شامل کرنے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے دنیا کو جن آفات کا سامنا ہے اس کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے ایڈوانس ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے، ہمیں نوجوانوں کی آئیڈیاز کو اپنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان میں کام کرنے والی این جی اوز کا شکرگزار ہوں جو مختلف قسم کے آفات میں متاثرین کو مدد فراہم کرتے ہیں، ہم بہترین انفراسٹرکچر سے بھی قدرتی آفات کا مقابلہ نہیں کر سکتے لیکن اس کی تباہ کاریوں کو کم کرنے کیلئے اقدامات اٹھا سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کی تمام ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو مشکل حالات میں پیش پیش رہتے ہیں اور جان کی پرواہ کئے بغیر مدد فراہم کرتے ہیں، تمام شعبوں سے وابستہ لوگوں کو این ڈی ایم اے کو سپورٹ کرنا چاہئے، پارلیمان کے حوالے سے این ڈی ایم اے کو جو رہنمائی چاہئے ہم فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ڈپٹی چئیرمین سینیٹ نے چئیرمین این ڈی ایم اے اور ان کی ٹیم کے کام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات میں عوام کو مدد فراہم کرنے کے دوران شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔