دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے،ترجمان پی ڈی ایم اے

139
PDMA
PDMA

لاہور۔17اگست (اے پی پی):ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے،گنڈا سنگھ کے مقام سے 69 ہزار 220کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے، آئندہ 24گھنٹوں میں گنڈا سنگھ کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے،بھارت کی جانب سے 20اگست تک مزید پانی چھوڑے جانے کا خدشہ ہے، اوکاڑہ قصور پاکپتن بہاولنگر وہاڑی لودھراں ملتان اور بہاولپور کے اضلاع ستلج پر واقع ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو تمام تر انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ کنٹرول روم 24گھنٹے دریائوں اور بیراجز پر پانی کے بہائو کو مانیٹر کر رہا ہے، تمام محکمے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل رکھیں، ڈپٹی کمشنر فلڈ فائٹنگ پلان پر ضرورت کے مطابق نظر ثانی کرتے رہیں،انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات یقینی بنائے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمے، ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ آپس میں قریبی رابطہ رکھیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے وافر فنڈز دے رکھے ہیں، ڈپٹی کمشنرز کی ڈیمانڈ کے مطابق مزید سامان فراہم کرنے کے انتظامات بھی مکمل ہیں، مرکزی اور ضلعی کنٹرول رومز میں 24 گھنٹے مانیٹرنگ ہو رہی ہے۔