جوہانسبرگ۔18اگست (اے پی پی): جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر اے بی ڈویلیئرز نے ورلڈ کپ 2023ء کیلئے اپنی 4 سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا اعلان کیا ہے، اس فہرست میں حیران کن طور پر پاکستان شامل نہیں ہے۔ اپنے یو ٹیوب چینل پر سٹار کرکٹر نے رواں سال بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے اپنی سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے ناموں کا اعلان کیا جس میں آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور بھارت شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی فہرست میں تین غیر ایشیائی ٹیموں کو شامل کیا ہے جو رسکی ہے تاہم میں اس پر قائم رہوں گا، میرے خیال میں بھارت کی وکٹیں اچھی ہوں گی ۔ بھارت اور انگلینڈ فائنل میں پہنچ سکتی ہیں تاہم بھارتی ٹیم ہوم گرائونڈ اور کرائوڈ کا ایڈوانٹج حاصل کرکے ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے کافی امکانات ہیں تاہم میں جنوبی افریقہ کے ساتھ جائوں گا، پروٹیز ٹیم ناتجربہ کار مگر بہت اچھی ہے۔