یو ایس ماسٹر ٹی 10 کے افتتاحی میچ میں نیویارک واریئرز فاتح قرار ، مورس ویل یونٹی کو 6 رنز سے شکست دی

139
یو ایس ماسٹر ٹی 10
یو ایس ماسٹر ٹی 10 کے افتتاحی میچ میں نیویارک واریئرز فاتح قرار ، مورس ویل یونٹی کو 6 رنز سے شکست دی

کراچی۔ 19 اگست (اے پی پی):یو ایس ماسٹرز ٹی 10 لیگ کے افتتاحی میچ میں نیو یارک واریئرز نے مورس ویل یونٹی کو 6 رنز سے شکست دیدی ۔ ہفتہ کو یہاں موصولہ تفصیلات کے مطابق فلوریڈا کے شہر لاؤڈرہل میں کھیلے گئے میچ میں نیو یارک واریئرز نے 10 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے جبکہ مورس ویل یونٹی 5 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز ہی بناسکی۔

مورس ویل یونٹی آغاز سے ہی اپنی بیٹنگ کو آگے نہیں بڑھا سکی، پارتھیو پٹیل کو تیسرے اوور میں دھمیکا پرساد نے 3 رنز پر آؤٹ کردیا، کرس گیل اور کوری اینڈرسن بھی جلد ہی آؤٹ ہوئے جس کی وجہ سے مورس ویل یونٹی 5 اوورز میں 33 رنز بناکر مشکل میں تھی کیونکہ اس کے 3 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس کے بعد اوبس پینار نے 12 گیندوں پر 35 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور شی ہان جے سوریا نے 10 گیندوں پر 28 رنز ناٹ آئوٹ بنائے۔ اس سے قبل مورس ویل یونٹی نے ٹاس جیت کر نیو یارک واریئرز کو بیٹنگ کا موقع دیا ۔ تلکارتنے دلشان نے دوسرے اوور میں کیلون سیویج کو لگاتار چوکے لگا کر واریئرز کی جانب سے شاندار آغاز کیا تاہم وہ اگلے ہی اوور میں اوبس پینار کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔

رچرڈ لیوی نے چوتھے اوور میں راہل شرما کی بولنگ پر دو چوکے اور دو چھکے لگا کر واریئرز کی ٹیم میں یہ رفتار برقرار رکھی۔جس کے بعد لیوی نے سری سانتھ کو لگاتار تین چھکے لگائے اور واریئرز کا اسکور پانچ اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 73 رنز تک پہنچا دیا۔ انہوں نے گیند کو مزید دو بار باؤنڈری پر بھیجا اور نویں اوور میں 25 گیندوں پر 66 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد کیلون سیویج کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔

کوری اینڈرسن نے آخری اوور میں صرف 8 رنز دیے جس کی بدولت نیو یارک واریئرز نے مقررہ 10 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔