اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نےجنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں سکیورٹی فورسز کے 6 جوانوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ منگل کو اپنے بیان میں انہوں نے بہادری کے ساتھ دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے پرشہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف جنگ سے نبردآزما ہیں۔
پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے شہدا کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اورکہا کہ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد کے ذریعے دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔پوری قوم دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے کے لیے اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ملک میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی پر مامور جوانوں ہمارے حقیقی ہیرو ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔