بچوں کے حقوق کی پامالی کرنے والے مجرمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور انہیں جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ

140

اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بچوں کے حقوق کی پامالی کرنے والے مجرمان کے خلاف باقاعدہ قانونی کارروائی کی جائے گی اور انہیں جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے چیئرپرسن قومی کمیشن برائے حقوقِ اطفال عائشہ رضا فاروق سے گفتگوکرتےہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں عائشہ رضا فاروق نے انوار الحق کاکڑ کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے عائشہ رضا فاروق کی زیر قیادت قومی کمیشن برائے حقوقِ اطفال کی کارکردگی کو سراہا۔وزیراعظم نے قومی کمیشن برائے حقوقِ اطفال کی سہولت کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لانے کا اعادہ کیا ۔ اس موقع پر عائشہ رضا فاروق نے وزیراعظم کو ملک میں بچوں سے زیادتی اور چائلڈ لیبر کی موجودہ صورتحال سے متعلق آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کے حقوق کی پامالی کرنے والے مجرمان کے خلاف باقاعدہ قانونی کارروائی کی جائے گی اور انہیں جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ملک میں بچوں کے حقوق کے تحفظ اور قومی کمیشن برائے حقوقِ اطفال کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مؤثر قانون سازی کی جائے گی۔