گرین بس سروس کا آغاز سابق صوبائی حکومت کا بہترین اقدام ہے ،نگران وزیراعلیٰ بلوچستان

125
میر علی مردان ڈومکی

کوئٹہ۔ 23 اگست (اے پی پی):وزیر اعلی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ گرین بس سروس کا آغاز سابق صوبائی حکومت کا بہترین اقدام ہے ہم گرین بس سروس کو شہر کے دیگر علاقوں تک توسیع دینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بس میں سفر کرتے ہوئے کیا جہاں لوگوں نے ان کو اپنے درمیان پا کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا ۔مسافروں کی جانب سے گرین بس سروس شروع کرنے پر صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا مسافر وں نے نگران وزیراعلیٰ سے درخواست کی کہ شہر میں مزید روٹس پر بھی گرین بس سروس کا آغاز کیا جائے ۔

اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ جبکہ خوشگوار ماحول میں محفوظ سفر شہریوں کا حق ہے خوشی ہے کہ ہماری مائیں ،بہنیں اور بیٹیاں اب اطمینان کے ساتھ محفوظ سفر کر سکتی ہیں۔نگران وزیراعلیٰ نے گرین بس سروس کو وسعت دینے کے حوالے سے سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو فوری طور پر پلان پیش کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے گرین بس سروس کے شام کے اوقات میں ایک گھنٹہ توسیع دینے کا بھی اعلان کیا۔