اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو )کے چیف ایگزیکٹو آفیسرعبدالکریم جمالی نے بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی اوربلوچستان میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے امور پرتبادلہ خیال کیا ۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کیسکو کے سربراہ نے بجلی کی موثر اور بلا تعطل فراہمی بارے اپنی حکمت عملی اور اقدامات سے متعلق چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا جس کا مقصد بلوچستان میں بجلی کی تقسیم کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانا ہے تاکہ خطے کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے مستحکم اور پائیدار بجلی کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا ۔
انہوں نےصوبہ بلوچستان کو توانائی سے متعلق درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے صوبے کے رہائشیوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کو یقینی بنانے کیلئےحکومتی اداروں اور پاور یوٹیلیٹیز کے درمیان مشترکہ کوششوں کی ضرورت کو اجاگر کیا۔محمد صادق سنجرانی نے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کیلئے کیسکو کی کوششوں کی تعریف کی۔
ملاقات میں توانائی سے متعلق چیلنجز پر قابو پانے اور بلوچستان کے کونے کونے تک مستقل بجلی کی فراہمی کے مشترکہ ہدف کو حاصل کرنے کیلئےحکمت عملیوں کو ہم آہنگ کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔اس موقع پرکیسکو کے سی ای او اور چیئرمین سینیٹ نے خطے کے توانائی سے متعلق خدشات کو دور کرنے کیلئے تعاون، شفافیت اور موثر رابطے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔