کوئٹہ۔ 26 اگست (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کا دورہ کوئٹہ کلیدی اہمیت کا حامل ہے، ہماری خوش قسمتی ہے کہ ان کا تعلق بلوچستان سے ہے، نگران وزیراعظم کو بلوچستان کے مسائل سے آگاہ کیا ہے اور وہ خود بھی اس کا مکمل ادراک رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کی شام نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ عشائیہ میں نگران صوبائی کابینہ، سینیٹرز، سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سیاسی وقبائلی عمائدین نے شرکت کی۔
اس موقع پر اپنے خیر مقدمی کلمات میں نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آج بلوچستان کیلئے ایک اہم تاریخی دن ہے جب نگران وزیر اعظم ہمارے درمیان موجود ہیں ،نگران وزیراعظم کے دورے میں بلوچستان کے عوام کیلئے اچھی خبریں ہیں، نگران وزیراعظم کو امن وامان اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر متعلقہ امور پر بریفنگ دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نگران وزیراعظم کو بلوچستان میں پانی کے ذخائر کی بہتری اور کوئٹہ میں پانی کے مسئلے پر بھی بریفنگ دی گئی ہے ہمیں یقین ہے کہ صوبے میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں نگران وزیراعظم بنیادی کردار ادا کریں گے۔
نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج نگران وزیراعظم کی زیرصدارت مختلف اجلاس منعقد ہوئے جن میں فیصلہ کیاگیا ہے کہ پنجرہ پل پر جلد کام کا آغاز ہوگا ،خضدار چمن قومی شاہراہ کی توسیع پر کام تیز کیا جائے گاژوب کچلاک شاہراہ کی توسیع کے منصوبے پر پیشرفت پر تیزی لائی جائے گی کوئٹہ کراچی شاہراہ کے متاثرہ پلوں کی بحالی یقینی بنائی جائے گی وزیراعظم نے ان منصوبوں کے لئے مطلوبہ فنڈز کے اجراء کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے کچھی کینال کے فیز ii کے آغاز کی ہدایت بھی کی ہے۔ نگران وزیراعظم نے پٹ فیڈر کینال کی ری ماڈلنگ کے منصوبے کی بریفنگ لی ہے اور یہ منصوبہ بھی جلد شروع ہوگا۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے نگران وزیراعظم نے متعلقہ وفاقی اداروں کو احکامات جاری کئے ہیں ۔
وفاقی و صوبائی ادارے امن و امان کی بہتری کو یقینی بنائیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ وفاقی ترقیاتی پروگرام میں بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے گا۔ وفاق اور پی پی ایل کے ذمہ بلوچستان کے واجبات کی ادائیگی کیلئے نگران وزیراعظم اپنا اہم کردار ادا کریں گے اور سیلاب زدگان کی امداد و بحالی کیلئے اعلان ہونے والے دس ارب روپے کا جلد ہی اجراء کیا جائے گا
۔اس کے ساتھ ساتھ جنوبی بلوچستان ترقیاتی پیکج میں تیزی لائی جائے گی اور شمالی بلوچستان ترقیاتی پیکج کو بھی نگران وزیراعظم زیر غور لائیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہاکہ نگران وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مابین بہترین ورکنگ ریلیشن شپ قائم رہے گی اوربلوچستان کی تعمیر و ترقی میں نگران وزیراعظم پاکستان ایک مضبوط اور موثر کردار ادا کریں گے
۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ نگران وزیراعظم کا بلوچستان کے عوام اور نگران صوبائی حکومت کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہیں ،نگران وزیراعظم نے اپنی مصروفیات سے وقت نکال کر اپنی ٹیم کے ہمراہ کوئٹہ کا دورہ کیا اور یہ امر بھی خوش آئند ہے کہ وزیراعظم نے بلوچستان کے دیگر اضلاع کے دورے کرنے کا بھی اعلان کیاہے۔ نگران وزراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان نگران وزیراعظم کا اپنا گھر ہے ہمیں یقین ہے کہ وہ یہاں آتے رہیں گے ،نگران وزیراعظم کے دوروں سے بلوچستان کے دیرینہ مسائل کا حل ممکن ہوگاکیونکہ نگران وزیراعظم سے بلوچستان کے عوام کی بہت سی توقعات وابستہ ہیں اور انکی بھی بلوچستان کے عوام کے ساتھ گہری وابستگی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=383029