راولپنڈی۔27اگست (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ کی جانب سے مسیحی پاسٹرز کے لئے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ، تقریب میں آر پی او و دیگر انتظامی افسران کے علاوہ راولپنڈی ضلع کے تمام چرچز کے پاسٹرز نے شرکت کی ، کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہر فرد کا اس پر برابری کا حق ہے، اسلام و پاکستان دشمن قوتیں ہمارا امن تباہ کرنے کے درپے ہیں ، دشمن کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنا ہو گا ،
انہوں نے کہا معمولی غلط فہمی اور سوشل میڈیا کا جھوٹا پروپیگنڈا تفرقات کو ہوا دینے کا باعث بنتا ہے، آپسی روابط بڑھانے کے لئے انتظامی افسران اور 40 مسیحی نمائندگان پر مشتمل واٹس ایپ گروپ تشکیل دیا گیا ہے، شر انگیزی والی ہر خبر کی فوری تحقیق کر کے ضروری کارروائی کی جائے گی ، کمشنر نے مزید کہا ڈھوک سیداں و دیگر مسیحی آبادیوں کی سڑکوں کی مرمت کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے ، اقلیتوں کی فلاح کے لئے بنی، صادق آباد اور نصیر آباد کے علاقوں میں خصوصی میثاق سینٹرز قائم کیے گئے ہیں
، میثاق سینٹرز پر تعینات ایس ایچ اوز کو مقامی اقلیتی آبادی کی مدد کے لئے فوری دستیاب رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ، آر پی او سید خرم علی نے اس موقع پر کہا میثاق سینٹرز مقامی سطح پر امن و امان اور اقلیتوں کی سیکیورٹی کے لئے خصوصی اقدامات کریں، قومی یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے، پنجاب پولیس عوام کے تحفظ کے لئے ہر لمحہ فکر مند اور کوشاں ہے، اس تقریب کا مقصد بھائی چارے کی فضا کو قائم کرنا ہے،
پاسٹر پرویز سہیل کا کہنا تھا کہ محراب و منبر سے امن کا پیغام عام کیا جا رہا ہے ، انتظامیہ گرجا گھروں کے دورے کر کے بھی مسیحی افراد کو احساس تحفظ دلا رہی ہے، پاسٹر عادل گل نے کہا شر پسند عناصر کی جانب سے مذہب کو بنیاد بنا کر ہمیں تقسیم کرنے کی سازش کبھی کامیاب نہیں ہو گی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=383248