پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈبلائنڈ گیمز میں طلائی تمغہ حاصل کرکے وطن واپس پہنچ گئی

114

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):ورلڈبلائنڈ گیمز میں بھارت کو شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔لاہور ایئرپورٹ پر قومی بلائنڈ سکواڈ کا شاندار استقبال کیا گیا۔واضح رہے کہ نثارعلی کی قیادت میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ورلڈ بلائنڈ گیمز کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔برمنگھم میں ہونیوالے فائنل میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے۔

بھارت کے درگا راؤ تومپاکی نے 76 رنز بنائے۔ سنیل رمیش نے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے مطیع اللہ اور محمد سلمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں پاکستانی بلے بازوں نے بھارتی بائولرز کو بے بس کیے رکھا اور وہ اپنی لائن و لینتھ پر قابو نہ رکھ سکے۔ نثار علی اور مطیع اللہ نے پاکستان کو 78 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ نثار علی 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، مطیع اللہ نے 18 رنز بنائےمگراس کے بعد محمد سلمان اور بدر منیر نے بھارتی بولرز کو مزید کامیابیاں نہیں حاصل کرنے دیں اور تیسری وکٹ کیلئے ناقابل شکست 89 رنز بناکر پاکستان کو 8 وکٹوں فتح سے ہمکنار کرادیا۔

سلمان 48 اور بدرمنیر 41 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستانی اننگز میں 42 رنز ایکسٹرا کے تھے۔اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ورلڈ بلائنڈ گیمز میں کرکٹ کا گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔پاکستان ٹیم برمنگھم میں ہونے والے ورلڈ بلائنڈ گیمز میں ناقابل شکست رہی۔واضح رہے کہ قومی ٹیم نے ایونٹ میں بھارت کو 2 بار شکست دی ہے۔