ٹانک ۔ 28 اگست (اے پی پی):ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ناصر محمود ستی نے ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان کی حیثیت سے اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر کام شروع کردیا ہے۔ضلعی پولیس سربراہ ڈیرہ عبدالروف بابرقیصرانی نے رینج پولیس آفس ڈیرہ میں آمد پر انکا پرتپاک استقبال کیا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔نو تعینات ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ ڈی آئی جی ناصر محمود ستی قبل ازیں سال 2008-09میں ضلعی پولیس آفیسر ڈیرہ رہ چکے ہیں اس کے علاوہ موٹروےُ پولیس،ڈائریکٹر FIAخیبر پختونخواہ،آر پی او مالاکنڈ، آر پی او روالپنڈی سمیت ملک کے مختلف صوبوں میں کئی اہم عہدوں پر اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
وہ پیشہ ورانہ لحاظ سے ایک قابل،ایماندار،دلیر اور فرض شناس پولیس آفیسر کے طور پر جانے اور پہچانے جاتے ہیں اور پولیسنگ کے تمام امور پر کافی عبور رکھتے ہیں۔انہوں نے ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہوئے ریجن کے تمام اضلاع بشمول قبائلی اضلاع میں امن و امان کے قیام اور انسداد جرائم کو ہر صورت یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے