اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):راول ڈیم میں پانی کی سطح 1751.50 فٹ کی سطح پر پہنچ گئی ہے اس لئے سپل وے کو 1751.00 فٹ کی سطح تک پہنچنے کے لئے (کل )منگل 29 اگست کو صبح 6 بجے سے 9 بجے تک کھولا جائے گا، سپل وے کھلنے کے اوقات کا انحصار بارش کے حالات پر منحصر ہے۔
پیر کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تمام رسپانس یونٹس، محکموں، مانیٹرنگ کیمپوں اور ریلیف کیمپوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہےاس کے ساتھ ساتھ دریائے کورنگ کے کنارے پولیس ریزرو اور ایل ای اے بھی تعینات کئے جائیں گے۔ مزید یہ کہ دریائے کورنگ میں داخل ہونے والے اور دفعہ 144 کے نفاذ کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے راولپنڈی انتظامیہ کو بھی آن بورڈ لیاہے۔