میٹرو سٹیشنز تک آسان رسائی کے لیے میٹرو فیڈر بس سروس کے اجراء کی تجویز کا خیرمقدم

176

اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس سے مستفید ہونے والے مسافروں نے میٹرو سٹیشنز تک آسان رسائی کے لیے میٹرو فیڈر بس سروس کے اجرا ءکی تجویز کا خیرمقدم کیا ہے اور ضلعی انتظامیہ سے میٹرو فیڈر بس سروس فوری شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

مسافروں کی کثیر تعداد نے بتایاکہ جڑواں شہروں سے لاکھوں کی تعداد میں مسافر یومیہ بنیادوں پر مستفید ہوتے ہیں تاہم گردو نواح سے میٹرو بس سٹیشن تک پہنچنے میں انہیں مشکلات درپیش آتی ہیں جس کے لیے ضروری ہے کہ مسافروں کو میٹرو سٹیشنز تک آسان رسائی کے لیے مختلف روٹس پر میٹرو فیڈر بس سروس شروع کی جائے ۔

مسافروں نے کہاکہ اس ضمن میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے جڑواں شہروں میں ذرائع مواصلات کو مزید بہتر بنانے کے لیے میٹرو بس سروس کو تجویز دی کہ میٹرو بس سروس فیڈر بس سروس چلانا شروع کرے جو شہر کے مختلف حصوں سے مسافروں کو پک کر کے میٹرو سٹیشنز پر ڈراپ کرے۔

فیڈر بسر کے ذریعے نہ صرف مسافروں کو سہولت ہو گی بلکہ شہر میں ٹریفک کے اژدھام کو قابو کرنے میں بھی مدد ملے گی۔مسافروں نے کمشنر راولپنڈی کی جانب سے فیڈر بس سروس کے اجرا کی تجویز کو سراہا اور مطالبہ کیاکہ اس تجویز پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے عملی اقدامات کیے جائیں ۔مسافروں نے کہاکہ فیڈر بس سروس کی بدولت مسافروں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور ریونیو بھی بڑھے گا ۔