پشاور۔ 30 اگست (اے پی پی):کمشنر پشاور محمد زبیر کی زیر صدارت انسداد پولیو کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا ،جس میں ایڈن ڈائریکٹر پولیو ڈبلیو ایچ او اور جی پی ای آئی سٹیرنگ کمیٹی چیئرپرسن ، قومی اور صوبائی ای او سی کے ممبران، ڈپٹی کوآرڈینیٹر ای او سی ذیشان امین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف ) پشاور عمران یوسفزئی اور ڈاکٹر نوید خورشید فوکل پرسن پولیو کمشنر آفس نے شرکت کی۔
میڈیا سیل کمشنر آفس پشاور ڈویژن کے مطابق اجلاس میں پولیو کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر نے اجلاس کے شرکاء کو انسداد پولیو مہمات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں غیر ملکی وفد نے پشاور ڈویژن میں پولیو پروگرام کی کارکردگی کو سراہا۔
پولیو مشن کے سربراہ نے کمشنر پشاور ڈویژن کی لیڈرشپ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر کی زیر قیادت انکی ٹیم کی انتھک محنت اور لگن کی بدولت پشاور ڈویژن میں بہت جلد پولیو کے وائرس سے پاک ہو جائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر پولیو کے تین NSTOP افسران کو اچھی کارکردگی پر اعزازی شیلڈ زاور اسناد سے نوازا گیا اور ان کی کارکردگی کو سراہا گیا۔