چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی سے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنمائوں کی ملاقات

145
چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے سیاسی قوتوں کے مابین اتفاق رائے پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو مسائل سے نکالنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے ،سب کو آگے بڑھنا ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی)کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ملاقات میں ملک کی موجودہ صورتحال اور صوبہ بلوچستان کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سینیٹ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر منظور احمد کاکڑ نے چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا کہ بی اے پی ایوان بالا میں جمہوری روایات کے فروغ کے فلسفے پر کارفرما ہے ، جمہوری پارلیمانی روایات کے فروغ اور وفاق و صوبے کے درمیان روابط کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات اٹھاتے رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد ، شفاف اور منصفانہ انتخابی عمل پر یقین رکھتے ہیں ، بی اے پی بلوچستان کے عوام کی آواز بن چکی ہے ۔ بی اے پی کے رہنماؤں نے حلقہ بندیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے سیاسی قوتوں کے مابین اتفاق رائے پیدا کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مسائل سے نکالنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے سب کو آگے بڑھنا ہوگا ۔