راولپنڈی۔31اگست (اے پی پی):انسداد منشیات فورس ( اے این ایف) نے 5مختلف کارروائیوں کے دوران 3ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ اے این ایف ترجمان کے مطابق راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس سے برطانیہ کےلئے بھیجے جانے والے پارسل سے 25 گرام ویڈ برآمدکرلی۔
ایک اور کارروائی کے دوران حیدرآباد میں واقع کوریئر آفس سے پارسل میں موجود 10 کلو چرس برآمدکی گئی، چرس واٹر کولر اور ہاٹ پاٹ میں چھپا کر پشاور سے سمگل کی گئی تھی۔پسنی کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 17 کلو 500 گرام افیون برآمدکرکے تربت کے رہائشی 2 ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔
چارسدہ روڈ پشاور کے قریب مقامی رہائشی سے 450 گرام آئس برآمدکی گئی۔خیبر کے علاقے زخہ خیل میں سمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی 9 کلو چرس برآمدکرلی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ تمام ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔