قومی شاہرات پر محفوظ سفر کو یقینی بنانے اور ٹریفک قوانین سے آگاہی موٹروے پولیس کا طرہ امتیاز ہے،ڈپٹی انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نارتھ زون

98
مانسہرہ

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):ڈپٹی انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نارتھ زون محمد یوسف ملک نے کہا ہے کہ قومی شاہرات پر محفوظ سفر کو یقینی بنانے، صارفین کی فوری مدد اور ٹریفک قوانین سے آگاہی موٹروے پولیس کا طرہ امتیاز ہے۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان کرنا محصولات میں اضافہ کے لئے نہیں بلکہ محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صارفین کے لئے آگاہی اور موٹروے پولیس افسران کی حوصلہ افزائی کیلئے جاری ایک ویڈیو پیغام میں کیا جسے ترجمان موٹروے کی طرف سے سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس موٹرویز اور قومی شاہراہوں پرمحفوظ سفر کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے جو موٹروے کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ چالان کا مقصد ریونیو جمع کرنا نہیں ہوتا بلکہ سفارش کے کلچر کی سختی سے نفی کی جاتی ہے۔ بعض اوقات چالان کرنے کی بجائے مسافروں کی رہنمائی بھی کی جاتی ہے تا کہ حادثات میں کمی لائی جا سکے موٹروے پر اسپیڈ چیکنگ کے لئے مختلف جگہوں پر کیمرے بھی نصف کیے گئے ہیں۔ اگر شہری ٹریفک قوانین اور اسپیڈ کی حد کو ملحوظ خاطررکھیں تو بہت سے حادثات سے بچائو ممکن ہے۔

ڈی آئی جی موٹروے نے کہا کہ بہت سے کیسز میں بھاری جرمانے بھی کیے جاتے ہیں اور لائسنس کے پوائنٹس بھی کاٹے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض کیسز میں لائسنسز کینسل بھی کیے گئے ہیں تا کہ قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ 70سے 80فیصد حادثات اوورسپیڈنگ یا لمبے سفر سے پہلے مکمل آرام نہ کرنا سے ہوتے ہیں۔ دوران سفر موبائل کا استعمال اور بے احتیاطی بھی حادثات کی وجہ ہے۔

انہوں نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ گاڑی کی بریکیں وغیرہ کو چک کر لیں اگر لمبا سفر کرنا ہو تو سفر سے پہلے مکمل آرام کریں، تھکاوٹ کی صورت میں گاڑی روک کر آرام کریں۔ ایم الیون ہمارا ایک موٹروے پراجیکٹ ہے جو کہ لاہور، سیالکوٹ ہے اس پر ایک پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا ہے۔ اس پر تمام نظام ڈیجیٹل انفورسمنٹ کا ہے وہ آپ کو روک کر نہیں کی جائے گی بلکہ وہ مکمل طور پر ڈیجیٹل ہے۔ تمام ڈیٹا ہمارے پاس موجود ہو گا اور اس کاچالان گھر تک جائے گا۔ انٹری یا ایگزٹ پوائنٹ پر روک لیا جائے گا۔