اے این ایف کی کارروائیاں، 5ملزمان گرفتار،45 کلوگرام منشیات برآمد

73
منشیات

راولپنڈی ۔1ستمبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات سمگلنگ کے خلاف 7 کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان کو گرفتارکرکے 45 کلوگرام منشیات برآمدکرلی ۔اے این ایف ترجمان کے مطابق اباسین یونیورسٹی پشاور کے قریب ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 500 ایکسٹیسی (نشہ آور) گولیاں برآمدکی گئیں۔

نوشہرہ کے رہائشی ملزم نے یونیورسٹی کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا۔موٹروے ٹول پلازہ پشاور کے قریب گاڑی سے 7 کلو چرس اور 5 کلو کرسٹل برآمدکرکے 2ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ،ملزمان منشیات پشاور سے پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔کوہاٹ ٹنل کے قریب سمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 6 کلو چرس برآمدکی گئی۔خیبر کے علاقے زخہ خیل کے قریب سمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 11 کلو چرس برآمدکی گئی ۔

فیض پور انٹرچینج لاہور کے قریب مقامی موٹر سائیکل سوار کو گرفتارکرکےاس کے قبضے سے 12 کلو 600 گرام افیون اور 600 گرام چرس برآمد کی گئی۔سیالکوٹ میں واقع کوریئر آفس میں پارسل سے ایک کلو 720 گرام آئس برآمدکی گئی۔برآمدہ آئس 56 عدد دستانوں میں چھپا کر آسٹریلیا سمگل کی جا رہی تھی۔ترجمان نے بتایا کہ تمام ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔