سیوریج کے پانی سے اگائی جانے والی سبزیاں تلف

87
سبزیاں

ملتان۔ 02 ستمبر (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سیوریج کے پانی سے اگائی جانے والی سبزیوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 8کنال اراضی پر کاشت سبزیوں پر ٹریکٹر چلا کرتلف کردیا۔تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے نصر اللہ چوک ہیڈ محمد والا روڈ پر 32 کنال سبزیوں کی چیکنگ کی۔

سیوریج کے پانی سے اگائی 8 کنال پر کاشت کی گئی سبزیوں کا ٹریکٹر کے ذریعے خاتمہ کر دیا گیا۔اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ سبزیوں اور دیگر خوراک کی کاشت کے لیے ٹیوب ویل کا پانی استعمال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آلودہ پانی سے اگی سبزیوں میں شامل زہریلے مادے خوراک کا حصہ بن کر متعدد موزی بیماریوں کا باعث بنتے ہیں۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ انڈسٹریل ویسٹ اور سیوریج کے پانی سے صرف آؤٹ ڈور پلانٹس، پٹسن اور دیگر ڈیکوریشن پلانٹس اگائے جاسکتے ہیں۔