جوہرآباد۔ 04 ستمبر (اے پی پی):چہلم حضرت امام حسینؓ کے دوران ضلع خوشاب مین امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے جامع سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی۔ ڈی پی او خوشاب شائستہ ندیم کے مطابق چہلم حضرت امام حسینؓ کے سلسلہ میں ضلع بھر میں سیکورٹی کے حوالے سے تیاریاں مکمل کر لی گئ ہیں، ضلع بھرمیں 20صفر تک کل 19 جلوس برآمد ہوں گے، جن میں سے 01 کیٹگری A جلوس، 01 کیٹیگری B،اور 17 کیٹیگری C میں شامل کئے گئے ہیں۔
اسی طرح ضلع بھر میں 24 مجالس منعقد ہوں گی، جو تمام C کیٹگری میں شامل ہیں۔ 450 پولیس افسران و جوان چہلم حضرت امام حسینؓ کےدوران 338 سے زائد مقامات پر سیکورٹی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ جن میں ایلیٹ پولیس فورس کی 02 ٹیمیں بھی شامل ہیں۔ ڈی پی او نے بتایا کہ سفید پارچات میں بھی پولیس اہلکار شرپسندوں پر کڑی نظر رکھیں گے جبکہ رینجرز کی 05 ٹیمیں QRF بھی خوشاب پولیس کی معاونت کے لیے موجود رہیں گی۔ اس کے علاوہ مجالس و جلوس ہائے کی انتظامیہ کے والنٹیئرزبھی پولیس افسران کے شانہ بشانہ سیکورٹی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔
جبکہ ٹریفک کی فراوانی کو قائم رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کا الگ سے ڈیوٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔ جلوس روٹس کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو قنات اور بیریئر لگا کر بند کیا جائے گا۔ جلوس و مجالس میں شامل ہونے والے تمام شرکاء کو بذریعہ میٹل ڈیٹکٹر چیک کیا جائے گا اور جامع تلاشی بھی لی جائے گی۔
امن و امان کو قائم رکھنے کے لیے امن کمیٹی کے ممبران دوران جلوس پولیس کے ہمراہ ہونگے اور کسی بھی مسئلہ کی صورت میں فورا اپنا کردار ادا کریں گے۔ سوشل میڈیا کی بھی سختی سے مانیٹرنگ کی جائے گی اور کسی قسم کے نفرت انگیز مواد کی تشہیر پر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=386222