اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے کار چوروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران موٹروے ایم ون پر راولپنڈی سے چوری ہونے والی دو گاڑیاں برآمد کر لیں۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نارتھ زوں کے ترجمان کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق چوری شدہ دو گاڑیاں برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے چوری ہونے والی دو گاڑیوں کی اطلاعات موٹروے پولیس کے پاس موجود تھیں جن پر کڑی نگرانی کی جا رہی تھی۔
موٹروے ایم ون پر صوابی کے قریب ایک سوزوکی پک اپ کو مشکوک جانتے ہوئے موٹر وے پولیس کی جانب سے رکنے کا اشارہ دیا گیا لیکن ملزم نے گاڑی موقع سے بھگا دی جس کا پیچھا کر کے اسے رکوا لیا گیا اور گاڑی میں موجود ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ۔سوزوکی پک اپ راولپنڈی کے علاقے پولیس سٹیشن صدر بیرونی سے چوری ہوئی تھی ۔
ایک اور کارروائی کے دوران موٹر وے ایم ون پر برہان کے قریب ایک سوزوکی آلٹو لاوارث حالت میں پائی گئی ۔ تفتیش کرنے پر پتہ چلا کہ مذکورہ گاڑی راولپنڈی کے علاقہ پولیس سٹیشن نصیر آباد سے چوری کی گئی ہے ۔موٹر وے پولیس نے گاڑی کو حفاظتی تحویل میں لے لیا اور نامعلوم ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ابتدائی قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں چوری شدہ گاڑیاں مزید قانونی کارروائی کے لئے متعلقہ پولیس سٹیشن کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=386483