نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس

70
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دے کر حکومتی اخراجات میں کمی اور منصوبوں میں بہتری لائی جا سکتی ہے ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کیلئے مزید مواقع تلاش کرنے کی ضرورت ہے، بنیادی ڈھانچہ کی ترقی سے رابطے میں بہتری آئے گی اور قومی اتحاد مضبوط ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نگراں وفاقی وزیر منصوبہ بندی سمیع سعید، مشیر وزیراعظم احد چیمہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔وزیراعظم کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ملک کی ترقی میں حکومتی اور نجی شعبے کے اشتراک کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا اور کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دے کر حکومتی اخراجات میں کمی لائی جا سکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موٹرویز اور شاہراہوں کی تعمیر کے حوالے سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سے روابط میں بہتری آئے گی جس سے قومی اتحاد مزید مضبوط ہو گا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک کے مغربی علاقوں کو مشرقی علاقوں تک بہتر رسائی دینے کے حوالے سے ایسٹ ویسٹ کنکٹیویٹی کے حوالے سے جامع پلان پیش کیا جائے ۔ انہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کے حوالے سے مزید مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پچھلے دو سالوں میں 646 ارب روپے کے پروجیکٹس شروع کے گئے ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منظور شدہ پروجیکٹس کے ذریعے حکومت سبسڈیز کے حوالے سے 150 ارب روپے کی براہ راست بچت ہوئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے منصوبوں میں سیالکوٹ -کھاریاں موٹروے، سکھر -حیدرآباد موٹروے ،کھاریاں- راولپنڈی موٹروے ،کراچی سرکلر ریلویز اور اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی آوٹ سورسنگ سر فہرست ہیں ۔پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے حوالے سے صحت، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور برآمدی شعبے ترجیحات میں شامل ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی حکومتی اور نجی سیکٹرز پارٹنرشپ کے حوالے آگاہی بڑھانے ، تربیتی پروگرامز اور استعداد بڑھانے پر کام کر رہی ہے۔