
لاہور۔4ستمبر (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے شاہدرہ فلائی اووراورنوازشریف انٹرچینج بیدیاں روڈ انڈرپاس پراجیکٹس کا دورہ کیا۔ شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ کاتقریبا 84فیصد جبکہ نوازشریف انٹرچینج بیدیاں روڈ انڈرپاس منصوبے کا تقریبا 40 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے دونوں پراجیکٹس پر جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور پیشرفت کا جائزہ لیا۔
وزیراعلی محسن نقوی نے شاہدرہ فلائی اوور کی حفاظتی دیواروں کی تعمیرات پر جاری کام کامشاہدہ کیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے منصوبے پر کام کرنے والے ورکرز سے مصافحہ کیا اور انہیں مزید محنت سے کام کرنے کی تلقین کی۔وزیر اعلی نے شاہدرہ فلائی اوور پراجیکٹ کے تعمیراتی کاموں پر اطمینان کااظہار کیا اور گوجرانوالہ سے آنے والی ٹریفک متبادل سروس روڈ سے گزارنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ سروس روڈ کوفوری طورپر لیول کر کے ٹریفک کے لئے بحال کیا جائے اور پولیس بہترین انداز میں ٹریفک مینجمنٹ کرے۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے دونو ں منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کے لئے ڈی جی ایل ڈی اے اور کنٹریکٹر کو ضروری ہدایات دیں۔وزیراعلی محسن نقوی نے نوازشریف انٹرچینج بیدیاں روڈ انڈرپاس منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہاکہ منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی،ٹریفک جام رہنے کا مسئلہ مستقل طورپر حل ہوگا، شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ کی بروقت تکمیل سے شہر کے اہم داخلی و خارجی راستے سے ٹریفک کا بڑا مسلہ حل ہو گا۔ کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا،چیف انجینئر ایل ڈی اے اور کنٹریکٹر نے منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت اور تکمیل کے بارے میں بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران مزید بتایا گیاکہ شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ کو مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے دن رات کام جاری ہے، شاہدرہ چوک فلائی اوورز منصوبے کی تکمیل سے یومیہ 3 لاکھ گاڑیاں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی جبکہ بیدیاں روڈ، نواز شریف انٹرچینج پر انڈرپاس کی تعمیر سے یومیہ ایک لاکھ 20 ہزار گاڑیاں مستفید ہونگی۔ سی سی پی او لاہوراو رڈپٹی کمشنر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔