نارووال۔4ستمبر (اے پی پی):گورنمنٹ آف پنجاب کے ویژن کے مطابق ضلع نارووال میں بھی اب گاؤں چمکیں گے پروگرام کا افتتاح کر دیا گیا۔پنجاب بھر کے دیہاتوں کی صفائی ستھرائی،تجاوزات ہٹانے اور تالابوں کی صفائی پر مبنی جامع پروگرام کے آغاز کے موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شکرگڑھ کے آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تحصیل شکرگڑھ کی 40 یونین کونسلز کے لئے صفائی ستھرائی کا عملہ بھرتی کرنے اور کام کے لئے رکشے اور جملہ سامان متعلقہ سینٹری ورکرز کے حوالے کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نارووال چوہدری محمد اشرف کا کہنا تھا کہ مسلمان ہوتے ہوئے اپنے گھر،گلی محلے اور شہروں کو صاف ستھرا رکھنا ہماری عین ذمے داری ہے، حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق اب صوبہ بھر کے تمام تر دیہاتوں میں صفائی وستھرائی کے انتظامات کی بابت دیہی سطح پر ٹیکس اکٹھا کیا جائے گا اور اس ریونیو کو دیہات کی صفائی وستھرائی اور شجر کاری پر خرچ کیا جائے گا،
عوام الناس سے گذارش ہے کہ وہ صفائی وستھرائی کے اس عمل میں سرکاری مشینری سے بھرپور تعاون کریں تاکہ پنجاب کے دیہاتوں کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے میں مدد مل سکے۔
بعد ازاں ڈی سی نے ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ چوہدری شہباز بشیر کیانی کے ہمراہ شکرگڑھ کے نواحی گاؤں ہینسووالہ میں اب گاؤں چمکیں گے پروگرام کی تقریب میں شرکت کی اور یونین کونسل ہینسووالہ کے سینٹری سٹاف کو رکشہ اور صفائی وستھرائی کا سامان مہیا کرتے ہوئے صفائی مہم کا آغاز کیا ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=386552