میزبان ٹیم کو پہلے میچ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے، مچل مارش

126

بلوم فونٹین۔5ستمبر (اے پی پی):آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اور کپتان مچل مارش نے کہا ہے کہ میزبان ٹیم کو پہلے ون ڈے میچ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پروٹیز کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے لئے ٹیم کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں کلین سویپ فتح کے بعد ان کی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔ پروٹیز ٹیم کو اس کی سرزمین پر شکست دینا آسان نہیں ہے تاہم ان کی ٹیم کی ٹی ٹونٹی سیریز میں 0-3 کی فتح کے باوجود 5ون ڈے میچز کی سیریز کے ابتدائی میچ سے قبل بھرپور تیاری جاری ہے جس کا فائدہ ٹیم کو میچ میں ضرور ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں مین آف دی سیریز کا اعزاز پانے والے مچل مارش نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں اور جنوبی افریقا کے خلاف ابتدائی ون ڈے میچ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔ 31 سالہ مچل مارش نے کہا کہ وہ 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شرکت کے لئے بے تاب ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میزبان پروٹیز ٹیم کو ابتدائی ون ڈے میچ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے ۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 7 ستمبر کو مانگاونگ اوول، بلوم فونٹین میں کھیلا جائے گا جو ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔