
اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے پاکستان اور ایران کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعاون اور معاشی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک گہرے مذہبی، ثقافتی اور لسانی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، شاعر مشرق علامہ اقبال اور شاعر ہفت زبان سچل سرمست کے کلام کے فروغ کے لئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون ضروری ہے،
نگراں حکومت کا بنیادی مینڈیٹ انتخابی عمل میں معاونت اور نگرانی کرنا ہے، پرامن انتخابات کا انعقاد ہماری ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں ملاقات کے لئے آئے پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مغدام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور، دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور میڈیا کے شعبہ میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی، ثقافتی، سیاحت اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مستحکم اور وسیع کرنے پر اتفاق ہوا۔ ایران کے سفیر نے مرتضیٰ سولنگی کو نگراں وفاقی وزیر اطلاعات کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان اور ایران گہرے مذہبی، ثقافتی اور لسانی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ممالک کی حکومتیں اپنے عوام کی بہتری اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے قریبی تعاون کو فروغ دے رہی ہیں۔
ملاقات میں ایران کے ساتھ میڈیا اور ثقافتی وفود کے تبادلوں پر بھی اتفاق ہوا۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
اس موقع پر ایران کے سفیر نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبال کو ایران میں قومی شاعر کا مقام حاصل ہے۔ ایرانی باشندے برصغیر کے عظیم شاعر علامہ اقبال کو بہت عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فارسی زبان کے ساتھ ہمارا تعلق بہت پرانا ہے، ایران کے ساتھ مل کر علامہ اقبال پر فلم تیاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اور سچل سرمست کے فارسی زبان کے کلام میں بڑی مماثلت ہے، سچل کو سات زبانوں میں فکر سخن کے باعث ”شاعر ہفت زبان“ کا لقب حاصل ہے،
علامہ اقبال اور سچل سرمست کے ادبی کلام کے فروغ کے لئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون ضروری ہے، اکادمی ادبیات پاکستان اور خانہ فرہنگ ایران اس ضمن میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبہ میں تعاون ناگزیر ہے، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور اسلامک ری پبلک نیوز ایجنسی (ارنا) کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر پہلے ہی دستخط ہو چکے ہیں جبکہ ٹیلی وژن، فلمز، سینما، ادبی اور لسانی اداروں کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے لئے اس طرح کے کئی معاہدے زیر بحث ہیں۔
یہ معاہدے ہماری ثقافت اور روایات کو حقیقی روشنی میں پیش کرنے میں مدد دیں گے۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے ایرانی سفیر کو پاکستان میں انتخابات کے حوالے سے اقدامات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نگراں حکومت کا بنیادی مینڈیٹ انتخابی عمل میں معاونت اور نگرانی کرنا ہے، پرامن انتخابات کا انعقاد ہماری ترجیح ہے۔ اس موقع پر ایرانی سفیر نے علاقائی تعاون میں نگراں وفاقی وزیر اطلاعات کی دلچسپی کو سراہا۔