سیاحت کو مزید فروغ دینے اور اپنے چینی دوستوں کا کھلے دل سے خیرمقدم کرنے کے سفر کا آغاز کر رہے ہیں، وصی شاہ

97
وصی شاہ

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے سیاحت سید وصی شاہ نے کہا ہے کہ اس سال ہم پاکستان اور چین کے درمیان گہرے ہوتے ثقافتی اقتصادی تعلقات کا جشن منا رہے ہیں، ہم اپنی سیاحت کی صنعت کو مزید فروغ دینے اور اپنے چینی دوستوں کا کھلے دل سے خیرمقدم کرنے کے سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےپاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے تعاون سے پاک چین دوستی ایسوسی ایشن خیبر کے زیر اہتمام پاکستان اور چائنا سال برائے سیاحت 2023 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔ تقریب میں سینئر صحافی ، اینکر پرسن اور تجزیہ کار سلیم صافی بھی موجود تھے۔

وزیر مملکت وصی شاہ نے کہا کہ چین، قدیم روایات اور جدید عجائبات کی سرزمین طویل عرصے سے دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ برسوں میں 1.4 بلین سے زیادہ آبادی کے ساتھ چینی شہریوں نے اندرون ملک اور بیرون ملک سفر کیا۔انہوں نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ عالمی وباء کورونا سے قبل چین کے باہر جانے والے سیاحوں نے سیاحت پر 255 بلین ڈالر سے زیادہ خرچ کیا جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارے چینی بھائی سیاحت کو کس قدر اہمیت دیتے ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ چینی سفارتخانے کو پاکستان کے سیاحتی مقامات پر بے پناہ مواد فراہم کیا گیا ہے جو ان کی ویب سائٹ پر چینی زبان میں موجود ہے تاکہ پاکستان آنے کے خواہشمند افراد کو معلومات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی سیاح اب ہمارے ای پورٹل کے ذریعے سیاحتی ویزا کے لیے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین کے بیجنگ میں 22 اگست سے 11 ستمبر 2023 تک ترقی پذیر ممالک کے لیے سیاحت کے فروغ کے حوالے سے ایک تربیتی سیمینار بھی منعقد کیا جا رہا ہے جس میں پی ٹی ڈی سی کے دو افسران اور محکمہ سیاحت گلگت بلتستان کے ایک افسر شرکت کر رہے ہیں۔

چین کے ثقافتی قونصلر زینگ ہینگ نے پاکستان اور چین کا سال برائے سیاحت 2023 منانے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا جو دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ سیاحت کو فروغ دینے کی راہ ہموار کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان کی سیاحت کی صنعت میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کر رہا ہے۔ انہوں نے ملک میں سیاحت کے فروغ میں وزیر مملکت وصی شاہ اور پی ٹی ڈی سی کے کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ثقافتی اور مذہبی ورثے سے مالا مال ہے کیونکہ دونوں ممالک کی تہذیبوں کی ایک لمبی تاریخ ہے، گندھارا کی سیاحت پاکستان میں بہت مشہور ہے۔