سرینگر۔6ستمبر (اے پی پی):پاکستان کے یوم دفاع پر بھارت کےغیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں پوسٹرزچسپاں کئے گئے ہیں جن میں حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی جدوجہدکی غیر متزلزل پاکستانی حمایت کو سراہاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پوسٹرز متلاشیان آزادی کشمیر اور جموں و کشمیر سوشل یوتھ فورم سمیت مختلف تنظیموں کی جانب سے سرینگر اور دیگر علاقوں میں دیواروں، ستونوں اور کھمبوں پرچسپاں کیے گئے ہیں۔پوسٹرز میں کہاگیا ہے کہ پاک فوج بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔پوسٹرز میں کہاگیاہے کہ پاکستان کے بہادر بیٹے اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ساتھ پاکستان کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔
پاکستانیوں نے کشمیری بھائیوں کونہ ماضی میں تنہا چھوڑا اور نہ آئندہ ایسا کریں گے۔ پوسٹرز میں کہاگیاکہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر کو بھارت کے ناجائز قبضے سے آزاد کرایا جائے گا اور کشمیری عوام کو ان کے حقوق ملیں گے۔ادھر لوگوں نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیرکے مختلف علاقوں میں پاکستانی پرچم بھی لہرائے۔