اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ ہماری نوجوان نسل باشعور ہے ،ان کی وطن اور دین کے ساتھ وابستگی بہت گہری ہے ،پاکستان کا مستقبل تابناک ہے کیونکہ یہی محب وطن بچے ہمارے مستقبل کے معمار ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد ماڈل کالج برائے طالبات ایف سکس ٹو میں منعقدہ یوم دفاع کی تقریب میں کیا ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قوم کا درد اور احساس ان میں کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے ،یوم دفاعِ پاکستان ہمیں اس دن کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان کے شہیدوں ،جری جوانوں اور غیور پاسبانوں نے دفاع پاکستان کی خاطر سرحدوں پر اپنی بہادری اور شجاعت کا لوہا منوایا، ان کی شجاعت کے ناقابل یقین کارناموں کی کوئی مثال پیش نہیں کی جا سکتی ۔صدارت پرنسپل پروفیسر عالیہ درانی نے کی ۔
تقریب میں ڈی جی ایف ڈی ای امجد احمد ڈائریکٹر کالجز عرفان احمد جاوید مرزا و دیگر موجود تھے ۔خطبہ استقبالیہ میں پرنسپل نے بتایا کہ گذشہ سال ان کا ادارے کا جی پی اے تمام کالجز میں اول رہا اور بورڈ میں دوسری پوزیشن بھی حاصل کی ،گرائونڈ کی سہولت نہ ہونے کے باوجود انٹر بورڈ سپورٹس میں طالبات نے فتح حاصل کی ۔عریبہ ماہ نور ،آیت فاطمہ و دیگر نے پاک فوج کی خدمات اور 1965 جنگ کے حوالے سےخوبصورت ٹیبلو پیش کئے اور خوب داد وصول کی۔