گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے جامعہ زرعیہ میں ویمن سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کردیا

101
گورنر پنجاب

فیصل آباد۔ 08 ستمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے جمعہ کو جامعہ زرعیہ فیصل آباد میں ویمن سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کردیاجس میں ملٹی پرپز ہال، اولمپکس سٹینڈرڈ سوئمنگ پول، سکواش کورٹ اور فٹنس سنٹرکی جدید ترین اور سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات دستیاب ہوں گی۔

جامعہ زرعیہ پہنچنے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان اور دیگر یونیورسٹی حکام نے گورنر پنجاب محمدبلیغ الرحمن کا استقبال کیا۔

اس موقع پر گورنر پنجاب کو بتایا گیا کہ مذکورہ ویمن سپورٹس کمپلیکس نیسپاک اور اے زیڈ انجینئرنگ ایسوسی ایٹ کے زیر اہتمام پنجاب حکومت کی 310.000 ملین روپے کی فنڈنگ سے مکمل کیا جارہا ہے جس کا کورڈ ایریا55.296مربع فٹ ہے جبکہ مذکورہ ویمن سپورٹس کمپلیکس میں ایک ملٹی پرپزہال 13416مربع فٹ پر،اولمپک سٹینڈڈ سوئمنگ پول 31178مربع فٹ پر،سکواش کورٹ7818مربع فٹ اور وومن فٹنس سنٹر 2884 مربع فٹ پرمحیط ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ ویمن سپورٹس کمپلیکس میں ملٹی پرپز ہال، اولمپکس سٹینڈرڈ سوئمنگ پول، سکواش کورٹ اور فٹنس سنٹرکے قیام سے یہاں عالمی معیار کے کھیلوں کے مقابلے،

ویمن سپورٹس ایونٹ اور دیگر تقریبات کے انعقاد سمیت طالبات اور فی میل فیکلٹی ممبران کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی اعلیٰ معیار کی بہترین سہولیات دستیاب ہوسکیں گی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے ویمن سپورٹس کمپلیکس کے مختلف حصے دیکھے اور کام کی رفتار تیز کرنے سمیت معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سپورٹس کمپلیکس کو یونیورسٹی کیلئے ایک گرانقدر اضافہ قرار دیا۔