اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):پاک بحریہ اوررائل سعودی نیول فورسز کی مشترکہ مشقیں نسیم البحر14 اور دیرا الساحل الجبیل میں شروع ہوگئیں۔ پاک بحریہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ان مشقوں کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنا اور دونوں بحری افواج اور اسپیشل آپریشنز فورسز کے درمیان باہمی ربط اور تعاون کو بڑھانا ہے۔ ان بحری مشقوں میں روایتی اور غیر روایتی جنگی شعبوں کا احاطہ کیا جائیگا ۔پاک بحریہ کے قافلہ میں جنگی جہاز سیف، ہمت، دہشت اورمحافظ شامل ہیں جو ان مشقوں میں شرکت کیلئے سعودی عرب کے ساحل الجبیل پہنچ گیاہے۔
رائل سعودی نیول فورسز اورپاکستان کے سفارت کاروں نے الجبیل آمدپرپاک بحریہ کے قافلے کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ان مشقوں میں بحری جنگی جہازوں، خصوصی آپریشنز فورسز اوردونوں بحریہ کے میرینز کے علاوہ رائل سعودی ائیرفورس کے ہیلی کاپٹرز اور جہاز بھی حصہ لے رہے ہیں۔ہاربرکے مرحلہ میں فریقین نے پیشہ وارانہ امورپرتبادلہ خیال کیا اورمشقوں کی منصوبہ بندی کو حتمی شکل دی۔ہاربرکے مرحلہ میں تدبیراتی طریقہ ہائے کارپرورکشاپس، مصنوعی تربیت، ایکسچینج وزٹس اوررابطہ کاری کی ملاقاتیں شامل تھیں۔
نسیم البحربحری مشقیں گزشتہ تین دہائیوں سے ہردوسال بعد باقاعدگی سے منعقدہوتی ہے۔یہ مشقیں پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تذویراتی تعلقات، دونوں ممالک کی بحریہ کے درمیان باہمی تعاون میں اضافہ کے عزم اورمیری ٹایم چینلجز سے مشترکہ طورپرنمٹنے کی عکاسی کرتے ہیں۔