پشاور ، بجلی چوری کے خلاف مہم، پیسکو نے 500 سے زائد کنڈے ہٹا دئیے، بجلی چوری کرنے پر 70 لاکھ جرمانہ عائد

173
Electricity thieves
Electricity thieves

پشاور۔ 10 ستمبر (اے پی پی):پشاور الیکٹرسٹی سپلائی کمپنی (پیسکو) نے صوبے میں بجلی چوروں کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران اب تک 500 سے زائد کنڈے ہٹا دئیے ہیں جبکہ بجلی چوری کرنے پر 70 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ پیسکو کے ترجمان نے اتوار کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 500 سے زائد کنڈے ہٹائے جا چکے ہیں جبکہ بجلی چوری پر 70 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق صوبے میں بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں اور بجلی چوری کرنے پر ایف آئی آر درج کرنے کی 250 سے زائد درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔ دریں اثناء پیسکو کے 10 سپرنٹنڈنٹ انجینئرز کو فوکل پرسنز کی ڈیوٹیاں سونپی گئیں تاکہ وہ صوبائی ٹاسک فورس اور ڈویژنل کمشنرز سے رابطے میں رہیں اور بجلی چوری کی روک تھام اور بجلی کے بل ادا کرنے والے تمام صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

صوبائی ٹاسک فورس کو پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے تعاون سے بجلی کے کنڈے ہٹانے اور نادہندگان سے ترجیحی بنیادوں پر ریکوری کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں ٹاسک فورس کی قیادت کریں گے جبکہ کنڈے ہٹانے اور بقایاجات کی وصولی سے متعلق رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو پیش کی جائے گی۔ متعلقہ حکام کو سرکاری محکموں، سکولوں، ہسپتالوں، ریلوے پاٹک اور دیگر جگہوں سے غیر قانونی کنکشن لینے میں ملوث ہوٹل مالکان، تاجروں اور دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو پیسکو کے فیلڈ سٹاف کی مدد کے لیے متحرک کیا گیا تاکہ گھریلو، زرعی اور صنعتی صارفین سے واجبات وصول کئے جائیں اور کنڈوں کو ہٹایا جا سکے ۔ دریں اثناء خیبر کی ضلعی انتظامیہ نے بجلی چوری کرنے والے سات افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہیں ، یہ افراد کنڈے کے ذریعے بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں۔ بجلی چوری کرنے والوں اور کنڈے لگانے والوں کی ویڈیوز بطور ثبوت تیار کی جا رہی ہیں تاکہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔