مسائل کے باوجود بجلی بلوں میں کمی اور سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں،وزیراعظم آزاد کشمیرچوہدری انوارالحق

62
Prime Minister of Azad Kashmir

اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم آزاد کشمیرچوہدری انوارالحق نے کہا ہےکہ مسائل کے باوجود بجلی بلوں میں کمی اور سستے آٹے کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں،منگلا ڈیم کے متاثرین اور نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ کے حوالے سے مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم سے اتوار کو میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید صابر حسین کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔

اس موقع پر وزراء حکومت چوہدری ارشد حسین ،چوہدری یاسر سلطان،چوہدری قاسم مجید اور پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں انڈسٹری کی ترقی اور سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کا مشن لے کر آیا ہوں،عوام کی خدمت کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا،عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ صرف اور صرف عوام کی خوشحالی اور ترقی کیلئے خرچ ہو گا۔

چوہدری انوارالحق نے کہا کہ مسائل کے باوجود بجلی کے بلوں میں کمی اور سستے آٹے کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں،منگلا ڈیم کے متاثرین اور نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ کے حوالے سے مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں،اب دریائے نیلم میں 20 کیوسک پانی چھوڑا ہے جس سے مسائل میں کمی آئے گی،بجلی چوری کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں گے۔ چوہدری انوارالحق نے کہا کہ بجلی،تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، بہت جلد مظفرآباد،پونچھ اور میرپور ڈویژن کا دورہ کروں گا۔