قائد اعظم ہر مشکل میں سینہ سپر رہے ،انہوں نے کبھی اپنے اصولوں پر سودہ نہیں کیا،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

73
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوے کہا ہے کہ قائد اعظم ہر مشکل میں سینہ سپر رہے ،انہوں نے کبھی اپنے اصولوں پر سودہ نہیں کیا اور نہ ہی کسی پر اپنے فیصلے مسلط کرنے کی کوشش کی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اعظم کی 75ویں برسی کے حوالے سے اپنے پیغام میں کیا جو کل پیر کے روز ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی جا ئے گی۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے رہنما اصولوں ایمان اتحاد اور نظم ضبط پر چل کر ہی ملک کو ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو آپس کے اختلافات بھلا کر باہمی اتحاد قائم کرنے پر زور دیا۔سپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے اور اس وقت باہمی اتحاد قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد اور نظم و ضبط کو فروغ دے کر ہی ملک کو درپیش بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی برسی ہمیں یہ یاد دلاتی ہے کہ ہم آپس میں اتحاد قائم کر کے قائد اعظم کے مشن کو مکمل کریں اور اس ملک کو ایک عظیم ملک بنائیں۔