فیصل آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے بجلی چوروں کے خلاف گھیرا تنگ کردیاہے اور کئی کئی سالوں سے ایک ہی جگہ تعینات افسران کے بڑی تعداد میں تقرر وتبادلوں سمیت رات کو خصوصی چیکنگ کا بھی آغازکردیا گیا ہے تاکہ رات کے اوقات میں ایئرکنڈیشنرز چلانے والوں کے میٹرز کو چیک کیا جاسکے نیزفیسکو کی سپیشل ٹیموں نے گزشتہ 3 روز میں 193 بجلی چور پکڑلئے جن میں سے42 کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرواکر انہیں لاکھوں روپے جرمانہ کیا گیا ہے نیز گزشتہ روز صرف ایک دن میں فیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران45افرادکودھرلیاگیا جنہیں 1لاکھ 41 ہزارسے زائد یونٹس کی چوری پر55لاکھ70ہزار روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے،
مذکورہ افرادڈائریکٹ سپلائی،میٹر کی باڈی میں سوراخ کرکے،شنٹ سسٹم، میٹر کی باڈی ٹیمپرڈ کرکے اور مختلف طریقوں سے بجلی چوری کرکے محکمہ کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا رہے تھے جن کے کنکشنزبھی کاٹ دئیے گئے ہیں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آرزکے اندراج کیلئے درخواستیں بھی جمع کرادی گئی ہیں اس طرح گزشتہ ایک ہفتہ میں فیسکو ریجن میں بجلی چوری کے کل کیسز کی تعداد238 ہوگئی ہے جن میں سے 71افرادکے خلاف مقدمات کا اندراج ہوچکاہے۔
فیسکو کے ترجمان طاہرمحمود شیخ نے اے پی پی کو بتایاکہ شہری بھی بجلی چوری کی شکایات ہیلپ لائن نمبر1718اور ٹال فری نمبر0800.00081پر درج کراسکتے ہیں جبکہ شکایت کنندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو روز میں بجلی چوری کے 106کیسز میں 16 مقدمات کا اندراج اور متعلقہ مقامات کی بجلی منقطع کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ106 میں سے 4 شکایات عوام الناس کی طرف سے موصول ہوئیں۔
انہوں نے بتایاکہ ڈپٹی کمشنرکی سربراہی میں ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جبکہ تحصیل سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں کمیٹیز قائم کی جارہی ہیں نیزضلعی کمیٹی بجلی چوروں کے خلاف ہونیوالی کارروائی کو براہ راست مانیٹر کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ ڈی سی آفس میں قائم ضلعی ایمرجنسی آپریشنل سنٹر میں سیل قائم کردیا گیا ہے جہاں فیسکو سمیت تمام محکموں کے نمائندگان 24/7 موجود رہ کر بذریعہ فون کال اورشہری کی طرف سے تحریری شکایات نوٹ کرکے ان کی پیشرفت سے آگاہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی چوری میں ملوث بڑے مگرمچھوں کو قانون کی سخت گرفت میں لایا جائے گااور اس گھناؤنے فعل میں ملوث عناصر کے بجلی کنکشنز فوری منقطع کردیئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ فیسکو کے نمبر 118پر موصولہ شکایات کے علاوہ انسپکشن ٹیمیں بھی کارروائی کررہی ہیں جس کے ساتھ ساتھ سابقہ بجلی چوروں کی تنصیبات کو بھی چیک کیا جارہاہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو روز میں بجلی چوری کے 106 کیسز میں 16 مقدمات کا اندراج اور متعلقہ مقامات کی بجلی منقطع کی گئی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=389052