ایک دوسرے کے عقیدوں کے احترام سے ہی پر امن اور خوشحال معاشرے کی تشکیل ہو سکتی ہے، انتہا پسندی کو ختم کرنے کے لیے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑکی مسیحی برادری کے وفد سے ملاقات

157
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑکی مسیحی برادری کے وفد سے ملاقات
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑکی مسیحی برادری کے وفد سے ملاقات

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اس بات پر زور دیاہے کہ ایک دوسرے کے عقیدوں کے احترام سے ہی پر امن اور خوشحال معاشرے کی تشکیل ہو سکتی ہے، جڑانوالہ واقعہ کے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنایا جائے گاتا کہ ایسے واقعات کا سد باب ہو سکے، انتہا پسندی کو ختم کرنے کے لیے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم سے مسیحی برادری کے وفد نے ملاقات کی۔وفد نے سانحہ جڑانوالہ پر بروقت اقدامات کرنے اور جڑانوالہ کا دورہ کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ تمام ریاستی مشینری اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کے حوالے سے ان کے ساتھ کھڑی ہے،پاکستان میں اقلیتوں کو تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ کے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنایا جائے گاتا کہ ایسے واقعات کا سد باب ہو سکے،اقلیتی برادری اپنے مسائل اور تجویز حکومت تک پہنچائے تاکہ ان مسائل کا ممکنہ حل کیا جا سکےہمارا آئین ذات پات، نسل اور رنگ کے امتیاز کے بغیر تمام شہریوں کو سماجی، مذہبی ،سیاسی اور معاشی حقوق دیتا ہے۔نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ایک دوسرے کے عقیدوں کے احترام سے ہی پر امن اور خوشحال معاشرےکی تشکیل ہو سکتی ہے ،انتہا پسندی کو ختم کرنے کے لیے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری پاکستانی افرادی قوت کا بنیادی حصّہ ہے جس کا پاکستان کی ترقی میں ایک اہم کردار ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ایک دوسرے کے عقیدوں کے احترام سے ہی پر امن اور خوشحال معاشرے کی تشکیل ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتہا پسندی کو ختم کرنے کے لیے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔وفد نے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے خالد جارج کی بطور نگراں وفاقی وزیر انسانی حقوق تقرری کو خوش آئند قرار دیا۔

وفد میں سابق صوبائی وزیر براے انسانی حقوق پنجاب اعجاز آگسٹن ، سابق رکن قومی اسمبلی آسیہ انصر، بشپ اندریاس، بشپ سیموئیل ازرایا ، بشپ جوزیف ارشاد، بشپ ہمفرے پیٹرز ، پاسٹر ہنوک حشمت، پاسٹر اولیور ضیاء شامل تھے۔ ملاقات میں نگراں وفاقی وزیر براے انسانی حقوق خالد جارج اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔