راولپنڈی۔11ستمبر (اے پی پی):پشاور کے علاقے ورسک میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہو گئے، دھماکے میں تین بے گناہ شہری زخمی بھی ہوئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں لانس نائیک عبدالرحمن (عمر 29 سال، ساکن ضلع بنوں) نے جام شہادت نوش کیا جبکہ تین اہلکار زخمی ہوئے۔
دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی کے نتیجے میں تین بے گناہ شہری زخمی بھی ہوئے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے علاقے میں کارروائی کی جا رہی ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر فوجیوں اور شہریوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔